ارنا کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے العربی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ استقامتی محاذ دشمن کو لبنان کی سرزمین کے ذرہ برابر حصے پر بھی قدم جمانے کی اجازت نہیں دے گا۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کا وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو جنگ بندی کے ذریعے ہم پر اپنی شرائط مسلط نہیں کرسکتا اور ہمارے آج کے حملے اس کا ثبوت ہیں۔
حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا کہ تل ابیب پر ہمارے حملے، بیروت پر صیہونی بمباریوں کے جواب میں انجام پارہے ہیں اور بیروت پر بمباریوں کے مقابلے میں تل ابیب پر ہمارے حملوں میں توازن برقرار کرنے کے لئے ہیں۔
انھوں نے جنگ بندی مذاکرات کے بارے میں کہا کہ سمجھوتے پر عمل درآمد کے حوالے سے مذاکرات ہورہے ہیں لیکن ہم نے مذاکرات سے امیدیں نہیں وابستہ کی ہیں کیونکہ امریکا لبنان پر جارحیت میں شریک ہے۔
حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا کہ ہم ایسی کوئی شق قبول نہیں کریں گے جس میں صہیونی حکومت کو لبنان کے اقتدار اعلی پر جارحیت کا اختیار دیا جائے۔
آپ کا تبصرہ